18/02/2026
ڈیرہ غازیخان
*علاقہ تھانہ سخی سرور: پلو گینگ کا اہم رکن پولیس مقابلے میں ہلاک*
تفصیلات کے مطابق دوران ڈکیتی مزاحمت پر شہری شفیق اور منصور کو قتل کرنے والے پلو گینگ کے اہم رکن ساجد عرف چچرا پولیس مقابلے میں اپنی ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
ایس ایچ او سخی سرور ارشد حسین نے بتایا کہ پولیس اور سی سی ڈی پولیس کو اطلاع ملی کہ ترٹی روہڑی پہاڑی علاقے میں پلو گینگ اور اس کے ممبران موجود ہیں جس پر پولیس نے سی سی ڈی کے ہمراہ چھاپہ مار کاروائی کی تو پولیس کی گاڑی کو سامنے آتا دیکھ کر عمران عرف پلو، ساجد عرف چچرا ، سجاد حسین و دیگر نامعلوم نے پولیس گاڑی پر فائرنگ کر دی۔
پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے تحت محفوظ پوزیشن لیکر جوابی فائرنگ کی تو ملزمان بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے اور اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے جب فائرنگ کا سلسلہ رکا تو سرچنگ کرنے پر گینگسٹر ساجد عرف چچرا مضروب ہو کر ہلاک ہو چکا تھا جس کے ساتھ کلاشنکوف بھی پڑی ہوئی تھی اور ہلاک ہونے والا ملزم ریکارڈ یافتہ ہے جو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو کر ہلاک ہو چکا تھا۔
ایس ایچ او سخی سرور ارشد حسین نے بتایا کہ ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ سنگین وارداتوں میں ملوث تھا اور دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر دو شہریوں شفیق، منصور اور کچھ عرصہ قبل صدیق آباد میں موسی نامی بچے کو فائرنگ کر کے قتل کرنے میں بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کو مطلوب تھا۔ دوران مقابلہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے پولیس نے موقع سے اسلحہ برآمد کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ ایس ایچ او سخی سرور ارشد حسین کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔