23/05/2025
بلوچستان ہائی کورٹ نے ڈاکٹر مہرنگ بلوچ اور بی وائی سی قیادت سے متعلق کیس خارج کر دیا، عدالتی شفافیت پر سوالات اٹھ گئے.
کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے آج ڈاکٹر مہرنگ بلوچ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی قیادت سے متعلق مقدمہ خارج کر دیا۔ یہ فیصلہ دو ماہ پر محیط متعدد سماعتوں اور دس روز تک محفوظ کیے گئے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے۔
مقدمے کے اچانک اخراج پر انسانی حقوق کے حلقوں اور عوامی نمائندوں کی جانب سے عدالتی شفافیت اور انصاف کے تقاضوں پر سنگین سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر مہرنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ نے عدالتی فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ "یہ فیصلہ انصاف کے اصولوں کی نفی کرتا ہے۔ ہم نے امید کی تھی کہ عدالت متاثرہ افراد کو سن کر غیر جانبدارانہ فیصلہ دے گی، مگر افسوس ایسا نہیں ہوا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ اس فیصلے نے بلوچ عوام کے اعتماد کو مزید مجروح کیا ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ طاقتور قوتوں کے خلاف آواز اٹھانا کس قدر مشکل ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی نے حالیہ مہینوں میں جبری گمشدگیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کی تھی، جس کے نتیجے میں ان کی قیادت کو قانونی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔