14/09/2024
Muhammad Raza SaQib Mustafai
میرے والد گرامی رحمۃ اللہ تعالی علیہ میرے استاد بھی تھے اور مربی و مرشد بھی -مجھ خاکسار میں اگر کوئی وصف خیر موجود ہے تو وہ آپ کی تربیت کا عملی ظہور اور پرخلوص دعاؤں کی قبولیت کا رنگ دل پذیر ہے اور میری ہر خامی میری طبع ناہموار کا ساخسانہ ۔والد بزرگوار علیہ الرحمہ کی محبت وشفقت مجھ ناتواں پر اس لئے بھی فزوں تر رہی کہ وہ مجھے خادم دین متین دیکھنا چاہتے تھے اور میں اس مقدس راستے کا ایک ادنی سا مسافر ہونا اپنے لئے باعث اعزاز سمجھتا تھا گنبد والی مسجد سے دینی کام کا آغاز ہو چکا تھا اور مرکز مصطفے کے لئے خریدے گئے قطعہ ارضی پر باقاعدہ سنگ بنیاد بھی رکھ دیا گیا تھا کہ آپ داعئ اجل کو لبیک کہہ گئے ابھی تک ادارۃ المصطفے کا کوئی ایک منصوبہ بھی تکمیل پذیر نہیں ہوا تھا اور ہم آپ کو لحد میں اتار چکے تھے
ادارۃ المصطفے کے زیر انتظام اس وقت ایک سو کے آس پاس اداروں کی عالی شان عمارات ، ان میں خوبصورت تعلیمی سلسلہ اور مربوط تربیتی نظم آپ کی برزخی آسودگی اور بلندئ درجات کا مسلسل ذریعہ ہیں لیکن آج کا دن میرے لئے انتہائی مسرت وانبساط کا باعث ہے کہ آپ کے مرقد نور کے بالکل سامنے تین منزلوں پر مشتمل خواجہ دین محمد مصطفائی ایجوکیشنل کمپلیکس تکمیل پذیر ہوا ذالک فضل اللہ یوتیہ من یشاء
خداوند متعال آپ کی کچی قبر پر بچھے ہوئے سبزے کی زمردیں چادر پر رحمتوں کی گل پاشی فرمائے
مالی ضرورتوں کی تکمیل اور تعمیراتی کاموں میں معاونت کرنے والوں کی لیے ڈھیروں دعائیں
آمین یارب العالمین
محمد رضا ثاقب مصطفائی غفرلہ
۹ ربیع الاول شریف ۱۴۴۶ھ