23/03/2025
*ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کا کالج دوراہا کا اچانک دورہ – غفلت برتنے والے اہلکار معطل*
مانسہرہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے کالج دوراہا کا اچانک دورہ کیا، جہاں پولیس اہلکاروں کی غیر ذمہ داری سامنے آئی۔ اس موقع پر سخت ایکشن لیتے ہوئے اے ایس آئی محمد نواز (انچارج کالج دوراہا چوکی) ، ٹی او کامران فدا (ٹریفک اسٹاف) اور خرم ( رائیڈر ٹریفک سٹاف ) کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا گیا جبکہ ایس ایچ او لاری اڈہ اور انچارج ٹریفک پولیس کو سخت تنبیہ جاری کی گئی۔
ڈی پی او مانسہرہ نے اس موقع پر واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور کوتاہی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولت فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور اگر کسی بھی علاقے میں ٹریفک جام یا عوامی مشکلات کی شکایات موصول ہوئیں، تو متعلقہ ٹریفک اسٹاف کے ساتھ ساتھ متعلقہ تھانے یا چوکی کے ذمہ داران کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
ڈی پی او مانسہرہ نے تمام سینئر افسران کو بھی سختی سے ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں فیلڈ میں نکلیں اور اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں، تاکہ عوام کو بہتر پولیس سروس فراہم کی جا سکے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی بھی سینئر افسر نے اپنی ذمہ داریوں میں کوتاہی برتی یا عوامی مسائل سے لاتعلق رہا، تو اگلے مرحلے میں ان کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او مانسہرہ نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مانسہرہ پولیس عوامی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہے۔ شہریوں کی سہولت، امن و امان کے قیام اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔ کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا کوتاہی ناقابلِ برداشت ہوگی، اور غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔